کراچی میں 3 روزہ بارش کے بعد 300 ملی میٹر ریکارڈ، صورتحال پر منفی پروپیگنڈا مسترد: مرتضیٰ وہاب

کراچی میں 3 روزہ بارش کے بعد 300 ملی میٹر ریکارڈ، صورتحال پر منفی پروپیگنڈا مسترد: مرتضیٰ وہاب

کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب نے شہر میں حالیہ موسلا دھار بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں 3 روز کے دوران تقریباً 300 ملی میٹر بارش ہوئی، جس کے بعد منفی پروپیگنڈا کیا گیا۔

میئر کے مطابق پہلے روز 235 ملی میٹر بارش صرف 12 گھنٹے میں ریکارڈ کی گئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ بارش کا پانی کسی بھی نالے سے گزرتا ہے اور نالوں کی صفائی کے بغیر پانی کا کھڑا ہونا ناگزیر ہے۔ کراچی میں تقریباً 600 نالے موجود ہیں، جن میں سے 46 نالے کے ایم سی کے زیر انتظام اور 524 نالے ٹاؤنز کے پاس ہیں۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ 20 جون سے نالوں کی صفائی شروع ہوئی تھی جو 15 ستمبر تک جاری رہی، اور اس دوران 30 لاکھ 24 ہزار کیوبک فٹ نالوں سے کچرے کو ہٹایا گیا اور لینڈ فل سائٹس منتقل کیا گیا۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے بتایا کہ اگر مختلف نالے صاف نہ کیے جاتے تو شہر کے اہم علاقے جیسے راشد منہاس روڈ، شاہراہِ قائدین، اورنگی نالہ اور نہرِ خیام کلیئر نہیں ہوتے۔میئر نے جماعتِ اسلامی کی طرف سے کیے جانے والے تنقیدی بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ منفی پروپیگنڈا کرنے سے مسئلے حل نہیں ہوتے، اور کراچی کے 14 انڈر پاسز پر ٹریفک بحال ہے۔

 انہوں نے بتایا کہ جماعتِ اسلامی کے 9 ٹاؤنز کو ہر ماہ سندھ حکومت ایک ارب روپے دیتی ہے اور اب تک 27 ارب روپے فراہم کیے جا چکے ہیں۔مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ پروپیگنڈا کیا گیا کہ شاہراہِ بھٹو بیٹھ گئی ہے، حالانکہ یہ غیر حقیقی دعوے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے شہر کی بہت محنت سے بہت سے کام مکمل کیے ہیں اور نالوں کی توسیع جیسے تکنیکی مسائل کی سمجھ بوجھ ضروری ہے۔میئر نے کہا کہ شہر کے بغض میں منفی بیانات دینے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، سب کو مل کر کام کرنا چاہیے تاکہ کراچی کی ترقی اور شہریوں کی سہولت میں اضافہ ہو۔