قلات میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس آپریشن، 12 دہشتگرد ہلاک

قلات میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس آپریشن، 12 دہشتگرد ہلاک

قلات میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 12 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع قلات میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی۔ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کی نشاندہی، نگرانی اور بروقت کارروائی کے ذریعے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے بھاگ میں بھی سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔ کارروائی کے دوران متعدد دہشت گرد ہلاک ہوئے۔فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا، جبکہ وہاں موجود آئی ای ڈیز اور گولہ بارود کو موقع پر ہی تلف کردیا گیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی، جبکہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔