گلشن اقبال پولیس نے اسلحہ کے زور پر شہریوں کو لوٹنے والے دو رکنی بین الصوبائی اور بین الضلعی ڈکیٹ گینگ کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایچ او گلشن اقبال انسپکٹر ضیاء الحق نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزمان اسامہ اور عبداللہ کو حراست میں لیا۔ ملزمان نے تھانہ گلشن اقبال کی حدود میں شہری کی دکان میں مسلح داخل ہو کر موبائل اور نقدی چھینی تھی اور دو مختلف جگہوں پر شاپ رابری کے دوران دو افراد کو فائر کر کے زخمی بھی کیا تھا۔ایس پی اقبال ٹاؤن ڈاکٹر محمد عمر کے مطابق واردات کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے، جس میں ملزمان کو دکاندار کو گولی مار کر زخمی کرنے اور فرار ہونے کے دوران دیکھا جا سکتا ہے۔
ملزمان کے خلاف متعدد مقدمات درج ہیں اور تحقیقات کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ انہوں نے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، موٹر سائیکلیں اور دیگر قیمتی اشیاء چھینی ہیں۔ دینہ، جہلم اور شیخوپورہ سے چھینی گئی دو موٹر سائیکلیں، سات موبائل فونز، لیپ ٹاپ اور نقدی بھی ملزمان سے برآمد کی گئی۔ایس پی ڈاکٹر محمد عمر نے ایس ایچ او ضیاء الحق اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ اسٹریٹ کرائم کو کنٹرول کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں مزید انٹیروگیشن کے لیے انویسٹی گیشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔