لاہور کے علاقے گلبرگ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے اسنیچر گروہ کے دو ملزمان کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کو بیدیاں کے علاقے سے گرفتار کیا گیا۔ایس پی ماڈل ٹاؤن جہانداد اکرم نے ایس ایچ او گلبرگ تیمور عباس کو ملزمان کی گرفتاری کا خصوصی ٹاسک سونپا تھا۔ملزمان نے ایک روز قبل کینال پل کے قریب موٹر سائیکل پر سوار خاتون سے پرس چھینا تھا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں واردات کے بعد ملزمان کی فرار ہوتی حرکت اور خاتون کا موٹر سائیکل سے گرنا واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔گرفتار ملزمان سے 2 پستول، 6 چھینے گئے موبائل فونز، پرس اور نقدی برآمد کر لی گئی، جبکہ واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکلیں بھی پولیس تحویل میں لے لی گئیں۔پولیس کے مطابق ملزمان کی شناخت فاروق اور جمیل کے نام سے ہوئی ہے اور ان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔