راولپنڈی پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بینک سے رقم نکلوانے والے شہریوں کو لوٹنے والے چار رکنی خطرناک گینگ کو گرفتار کرلیا۔
ملزمان کے قبضے سے بھاری رقم اور متعدد موٹر سائیکلیں بھی برآمد کرلی گئیں۔پولیس کے مطابق یہ گینگ طویل عرصے سے شہریوں کو نشانہ بنا رہا تھا۔ ملزمان بینک سے رقم لے کر نکلنے والے افراد کا تعاقب کرتے اور مناسب موقع ملتے ہی واردات کرتے تھے۔ دورانِ تفتیش انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کے ساتھ ساتھ موٹر سائیکل چوری اور چھیننے کی درجنوں وارداتوں میں بھی ملوث ہیں۔ترجمان پولیس کے مطابق کارروائی ایس پی پوٹھوہار طلحہ ولی کی سربراہی میں عمل میں لائی گئی، جس کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔ پولیس نے جدید ٹیکنیکل ذرائع اور ہیومن انٹیلی جنس استعمال کرتے ہوئے گینگ کو ٹریس کیا اور کامیاب چھاپہ مار کارروائی میں گرفتار کرلیا۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے شہریوں سے لوٹے گئے 75 لاکھ روپے اور 20 موٹر سائیکلیں برآمد کی گئی ہیں۔ مزید تحقیقات کے دوران ملزمان نے انکشاف کیا کہ ایک واردات میں انہوں نے مزاحمت پر شہری کو فائرنگ کرکے شدید زخمی بھی کیا تھا۔ایس پی پوٹھوہار طلحہ ولی کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف ناقابلِ تردید شواہد موجود ہیں، اس لیے انہیں چالان کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس کی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔برآمد شدہ رقم اور موٹر سائیکلیں اصل مالکان کے حوالے کردی گئی ہیں۔ اس موقع پر متاثرہ شہریوں نے پولیس کی بروقت کارروائی پر ایس پی پوٹھوہار اور راولپنڈی پولیس کا شکریہ ادا کیا اور ان کی بہترین کارکردگی کو سراہا۔