اسلام آباد (ویب ڈیسک): وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں جمہوریت کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوریت صرف ایک عمل نہیں بلکہ ایک فکری اور عملی نظریہ ہے جو عوام کے معاشی، سماجی اور ثقافتی حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتی ہے۔
صدر مملکت آصف زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ عالمی یوم جمہوریت ہمیں اس نظام کی اہمیت یاد دلاتا ہے جو شہریوں کو بااختیار بناتا اور انہیں سیاسی عمل میں شمولیت کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت رواداری، سیاسی تنوع اور بنیادی حقوق کے تحفظ کی ضامن ہے اور یہی اس کو دیگر طرزِ حکومت سے ممتاز بناتی ہے۔صدر مملکت کے مطابق پاکستان کی سیاسی تاریخ آزمائشوں سے بھرپور رہی ہے لیکن ہمیشہ ایسے قائدین کی رہنمائی حاصل رہی جنہوں نے جمہوری اداروں کی بحالی اور استحکام میں اہم کردار ادا کیا، ان میں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نمایاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ عوام کی آواز کی نمائندہ ہے اور قومی پالیسیوں کی تشکیل اور مسائل کے حل میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ آصف زرداری نے جمہوری اصولوں سے اپنی وابستگی کو دہراتے ہوئے کہا کہ صرف جمہوریت کے ذریعے ہی مساوات، سماجی و معاشی انصاف اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ عالمی یوم جمہوریت ہر سال 15 ستمبر کو اقوام متحدہ کے تحت منایا جاتا ہے جو دنیا بھر میں جمہوریت کے تنوع اور افادیت پر غور و فکر کا موقع فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کی نشوونما میں 1973 کا آئین سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے جس نے پارلیمنٹ کو بنیادی ادارے کا درجہ دیا اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کی ضمانت فراہم کی۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ آئین پاکستان نہ صرف ہر شہری کے مساوی حقوق کو یقینی بناتا ہے بلکہ صوبوں کے درمیان برابری کی بنیاد پر وفاقی کردار ادا کرنے کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔ خواتین اور اقلیتوں کی نمائندگی اور ان کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے بھی آئین پاکستان واضح اقدامات فراہم کرتا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ عالمی سطح پر بھی پاکستان نے ہمیشہ جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر اپنا کردار ادا کیا ہے اور اس حوالے سے پاکستان کی حمایت پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) سے ہم آہنگ ہے۔وزیراعظم اور صدر مملکت نے اپنے پیغامات میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان جمہوری اصولوں، بنیادی حقوق کے تحفظ اور ترقی یافتہ مستقبل کی تعمیر کے لیے عوام، اداروں اور حکومت کے اشتراک سے کام کرتا رہے گا۔