میثاق سنٹرز پر مسیحی سمیت 11 ہزار سے زائد اقلیتی افراد کے مسائل حل کئے گئے
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس کے میثاق سنٹرز کرسمس کی خوشیوں میں مسیحی برادری کے شانہ بشانہ ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ میثاق سنٹرز پر کرسمس ٹری سجائے گئے ہیں اور چراغاں کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔ میثاق سنٹرز پر مسیحی بھائیوں کی خوشیوں میں شریک ہو کر کرسمس کیک کاٹے جائیں گے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس کے میثاق سنٹرز بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ اور اقلیتی برادری کے مسائل حل کر رہے ہیں۔میثاق سنٹرز پر تعینات مسیحی پولیس افسران تمام اقلیتوں کو بہترین خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ مسیحی سمیت 83 ہزار سے زائد اقلیتی افراد نے پنجاب پولیس کے میثاق سنٹرز سے استفادہ حاصل کیا ہے۔ میثاق سنٹرز پر مسیحی سمیت 11 ہزار سے زائد اقلیتی افراد کے مسائل حل کئے گئے ہیں۔مسیحی سمیت 42 ہزار سے زائد اقلیتی افراد کو پولیس خدمت مراکز کی سہولیات فراہم کی گئیں اور97 فیصد اقلیتی افراد نے میثاق سنٹرز پر فراہم کی جائے والی سہولیات کو تسلی بخش قرار دیا ہے۔