بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 148 ویں یومِ پیدائش کے موقع پر ملک بھر میں ملی یکجہتی کے جذبے سے خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
مزار قائد پر تقریب اور گارڈز کی تبدیلی
کراچی میں مزار قائد پر مرکزی تقریب ہوئی جہاں پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ تقریب میں قائداعظم کو خصوصی سلامی پیش کی گئی۔ گارڈز کی تبدیلی کے بعد گورنر سندھ، وزیر اعلیٰ سندھ، اور کابینہ کے وزراء نے مزار قائد پر حاضری دی اور بابائے قوم کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
عوامی شرکت اور دیگر تقریبات
ملک بھر سے شہری بڑی تعداد میں مزار قائد پر حاضری دینے اور بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے موجود ہیں۔ دیگر شہروں میں بھی قائداعظم کی یاد میں خصوصی تقاریب منعقد ہو رہی ہیں۔
توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا، جس نے یومِ قائد کو مزید پروقار بنا دیا۔یہ دن اتحاد، ایمان، اور تنظیم کے اصولوں کی یاد دہانی اور ان پر عمل کے عزم کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔