قائداعظم محمد علی جناح کا 149واں یومِ پیدائش، ملک بھر میں تقاریب

قائداعظم محمد علی جناح کا 149واں یومِ پیدائش، ملک بھر میں تقاریب

بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کا 149واں یومِ پیدائش آج ملک بھر میں انتہائی عقیدت و احترام اور ملی جوش و خروش کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

بابائے قوم کے یومِ ولادت کے موقع پر آج ملک بھر میں عام تعطیل ہے، جب کہ سرکاری اور غیر سرکاری سطح پر مختلف تقاریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ ان تقاریب میں قائداعظم کی مسلمانانِ ہند اور قیامِ پاکستان کے لیے کی گئی انتھک اور ناقابلِ فراموش خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔قائداعظم محمد علی جناح 25 دسمبر 1876 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ وہ پیشے کے اعتبار سے وکیل اور ایک عظیم سیاستدان تھے۔ انہوں نے اپنی غیر معمولی قائدانہ صلاحیتوں سے ایک آزاد ریاست کا خواب حقیقت میں بدلا۔ ایمان، اتحاد اور تنظیم قائداعظم کی زندگی کا نچوڑ تھے، جب کہ اپنے کردار اور عمل سے انہوں نے دنیا کو دکھایا کہ ایک سچی اور دیانت دار قیادت کیا کچھ کر سکتی ہے۔نہرو، پٹیل اور گاندھی جیسے سیاستدانوں کی موجودگی کے باوجود قائداعظم نے قوم کو پاکستان کی منزل سے ہمکنار کیا۔ ان کا خواب ایک ایسا پاکستان تھا جہاں ہر فرد کو مساوی حقوق، آزادی اور انصاف حاصل ہو۔

قائداعظم محمد علی جناح دنیا کی اُن چند عظیم شخصیات میں شامل ہیں جنہوں نے تاریخ کا دھارا موڑ دیا اور دو قومی نظریے کی بنیاد پر مسلمانوں کو ایک علیحدہ وطن دلایا۔ مسلمانوں پر ان کا یہ عظیم احسان کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بھی بابائے قوم کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے بلاتفریق رنگ و نسل، مذہبی ہم آہنگی، معاشرتی رواداری اور انصاف جیسے رہنما اصولوں کا درس دیا۔افواجِ پاکستان، آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھی بابائے قوم کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ افواجِ پاکستان نے قائداعظم کے مضبوط، خودمختار، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن سے اپنی غیر متزلزل وابستگی اور قومی استحکام، امن اور ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔