ملک بھر میں یومِ فضائیہ قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

ملک بھر میں یومِ فضائیہ قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

ملک بھر میں آج یومِ فضائیہ قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، اس موقع پر پاک فضائیہ کے شاہینوں کی ملکی آزادی، خودمختاری اور سرحدوں کے دفاع کے لیے دی گئی قربانیوں اور بے مثال خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔

1965 کی جنگ میں پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن پر اپنی فضائی برتری ثابت کرتے ہوئے تاریخ رقم کی۔ اسکواڈرن لیڈر ایم ایم عالم نے 7 ستمبر کو دشمن کے 5 جنگی طیارے مار گرائے، جبکہ ان میں سے 4 بھارتی طیارے صرف 30 سیکنڈ کے اندر تباہ کیے، جو فضائی جنگ کی تاریخ میں ایک منفرد کارنامہ قرار دیا جاتا ہے۔یومِ فضائیہ کے موقع پر پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید، نشانِ حیدر کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھانے کی پروقار تقریب بھی منعقد ہوئی۔مہمانِ خصوصی ایئر آفیسر کمانڈنگ سدرن ایئر کمانڈ، ایئر وائس مارشل اختر عمران سدوزئی نے راشد منہاس شہید کے مزار پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔

سربراہ پاک فضائیہ کی جانب سے بھی پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے راشد منہاس شہید کی لازوال قربانی کو سلامِ عقیدت پیش کیا۔ پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید نے دفاعِ وطن کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے تاریخِ پاکستان میں امر مقام حاصل کیا۔یومِ فضائیہ کے موقع پر قوم پاک فضائیہ کے ان تمام شاہینوں کو خراجِ تحسین پیش کر رہی ہے جنہوں نے وطن کے دفاع اور سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔