ملک بھر میں 79واں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

 ملک بھر میں 79واں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

ملک بھر میں آج 79ویں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، جس کے آغاز پر ملک بھر میں توپوں کی سلامی دی گئی اور نماز فجر میں ملکی ترقی، اتحاد، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئی ہیں۔

رات 12 بجتے ہی یوم آزادی کا جشن زور و شور سے شروع ہو گیا۔ ہر شہر، گلی، محلہ اور علاقے کو سبز ہلالی پرچموں سے سجایا گیا ہے اور رنگ برنگی روشنیوں، آتشبازی اور تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے۔کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، ملتان اور دیگر شہروں میں جشنِ آزادی کے حوالے سے بھرپور تقریبات اور آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ شہریوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئیں، ریلیاں نکالیں اور جشن کو منانے کے لیے مختلف سرگرمیاں انجام دیں۔ لاہور کے گریٹ اقبال پارک اور لبرٹی چوک میں آتشبازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے حصہ لیا۔حیدرآباد میں بھی 12 بجتے ہی آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا، اور شہری جشن منانے کے لیے سڑکوں پر نکلے ہوئے ہیں۔ ملتان میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گھنٹہ گھر چوک پر آتشبازی کا مظاہرہ ہوا، جس میں بڑی تعداد میں شہری شریک ہوئے۔

دن کے آغاز پر لاہور میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی اور نماز فجر میں ملک کی ترقی، اتحاد، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ کوئٹہ میں بھی دن کے آغاز پر کینٹ میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی اور مساجد میں نماز فجر کے دوران ملک کی سلامتی کے لیے دعائیں کی گئیں۔اس کے علاوہ، مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب بھی منعقد ہوئی، جس میں پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ کمانڈنٹ نیول اکیڈمی ریئر ایڈمرل محمد عمیر تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق، چیف آف آرمی اسٹاف، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل، نیول چیف اور ائیر چیف نے قوم کو 79ویں جشن آزادی کی مبارکباد دی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ، "تمام خطرات کے خلاف مادرِ وطن کے دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم برقرار ہے۔ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے محافظ کی حیثیت سے مسلح افواج مادرِ وطن کے دفاع کا عزم دہراتی ہیں۔"مزید برآں، بانیانِ پاکستان کے وژن اور اصولوں کو قوم کے لیے رہنمائی کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے، کہا گیا ہے کہ قوم کے ساتھ متحد ہو کر مسلح افواج امن و استحکام کے تحفظ کے لیے ثابت قدم رہیں گی۔یہ دن پاکستان کی قومی خودمختاری، اتحاد اور ترقی کے عزم کا پیغام دیتا ہے، اور ملک بھر میں جذبہ حب الوطنی اور قومی فخر کی عکاسی کرتا ہے۔