صدر یا وزیراعظم فورم کی سربراہی کریں، عسکری قیادت اور تمام سیاسی جماعتوں کواس کا حصہ بنایا جائے
بین الاقوامی برادری کے ساتھ تعلقات میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے:صدر مسلم لیگ ق
لاہور(سپیشل رپورٹر)) پاکستان مسلم لیگ کے صدر اور سابق وزیراعظم پاکستان چودھری شجاعت حسین نے ملک و قوم کو درپیش مسائل کے حل کے لئے فوری طور پر ایک فورم تشکیل دینے کا مطالبہ کر دیا۔سابق وزیر اعظم نے کہا صدر یا وزیراعظم فورم کی سربراہی کریں، عسکری قیادت اور تمام سیاسی جماعتوں کواس کا حصہ بنایا جائے۔چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ فورم باہمی مشاورت سے ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لئے تجاویز مرتب کرے، اس وقت ملک کو بڑے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، ملک میں دہشت گردی میں اضافہ اور اس کے نتیجے میں جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے۔ ملک کو ابتر معاشی صورتحال کا سامنا ہے، پارہ چنار میں قتل و غارت کی وجہ سے حالات کشیدہ ہیں، ملک میں مہنگائی عروج پر اور توانائی کا بحران ہے۔ بین الاقوامی برادری کے ساتھ تعلقات میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے، مسائل کے حل کے لئے تمام فریقین کو مل بیٹھنے کی ضرورت ہے تا کہ مسائل کا حل نکالا جائے۔