سیاسی جماعتوں میں رابطے ضروری‘ ملک کی ترقی کیلئے مل کر آگے بڑھنا ہوگا چودھری شجاعت

پاکستان مسلم لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین سے فواد چودھری،عمران اسماعیل اور محمود مولوی کی  ملاقات،ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر بات چیت 
چودھری   شجاعت حسین نے ہمیشہ مفاہمت اور رواداری کی سیاست کی ‘ان سے ہمیشہ رہنمائی حاصل کی ‘ آئندہ بھی رہنمائی لیتے رہیں گے:فواد چودھری
لاہور (خصوصی رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ کے صدر چودھری  شجاعت حسین سے سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری،سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور محمود مولوی نے  ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔سیاسی رہنماؤں نے چودھری  شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔ پاکستان  کی تعمیر وترقی اور ملک کو مشکل صورتحال سے نکالنے کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق  کیا گیا۔سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا چودھری   شجاعت حسین نے ہمیشہ مفاہمت اور رواداری کی سیاست کی ہے اور انہوں نے  نے لوگوں کو آپس میں جوڑا ہے۔سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین سے ہمیشہ راہنمائی حاصل کی اور آئندہ بھی راہنمائی لیتے رہیں گے۔پاکستان مسلم لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ ملک کی ترقی کیلئے مل کر آگے بڑھنا ہوگا اور سیاسی جماعتوں  میں قریبی روابط وقت کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان  کی بہادر مسلح افواج ملک کی سرحدوں کی محافظ ہیں۔ہماری بہادر  افواج نے مئی کی جنگ میں بھارت کو عبرت ناک شکست دی۔ ہماری بہادر  افواج  دہشت گردوں سے بھی برسر پیکار ہے۔ملک کو دہشت گردی اور انتہا پسندی کی لعنت سے چھٹکارا دلانے کیلئے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہے