صدر زرداری لاہور آمد،ملاقات کا امکان نواز شریف
ملاقات میںوزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی موجودگی کا بھی امکان، نواز شریف سے ماڈل ٹائون میں پارٹی رہنماوٓں کی ملاقاتیں ،سابق وزی اعظم کوپختونخوا کے دوروں کا مشورہ ، اے این پی کے رہنما زاہد خان ن لیگ میں شامل
لاہور ( خصوصی رپورٹ)صدرآصف علی زرداری اسلام آباد سے لاہور پہنچ گئے۔ ذرائع کے مطابق صدر کی مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ملاقات متوقع ہے۔ ملاقات میں پیپلز پارٹی کو پنجاب میں درپیش مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ملاقات میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر بھی موجود ہوں گے۔ پنجاب میں پیپلز پارٹی کے تحفظات دور کرنے کیلئے اہم فیصلے کیے جائیں گے ،صدر وسطی پنجاب کے رہنماوٓں سے بھی ملاقات کریں گے ۔مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف سیاسی میدان میں متحرک ہوگئے، پارٹی رہنماوٓں سے اہم ملاقاتیں کرکے مختلف ہدایات جاری کردیں، رہنماوٓں نے انہیں خیبر پختونخوا کے دوروں کا مشورہ دے دیا جبکہ اے این پی سے ن لیگ میں شامل ہونے والے زاہد خان نے بھی ملاقات کی۔مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کے مطابق ماڈل ٹاوٓن میں صدر مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف سے سیکریٹری جنرل احسن اقبال، انجینئر امیر مقام ، انوشہ رحمان، کیپٹن (ر) صفدر نے ملاقاتیں کیں جن میں صوبائی سطح کے پارٹی معاملات پر مشاورت کی گئی۔پارٹی ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف نے نارووال کے کامیاب جلسے کو سراہا، احسن اقبال نے اہم پارٹی امور پر میاں نواز شریف کو بریفنگ دی، عید کے بعد مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام مختلف شہروں میں مزید جلسوں پر مشاورت کی گئی، میاں نواز شریف نے پارٹی کو فعال کرنے کے لیے عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کی ہدایت کی۔نواز شریف نے ہدایت کی کہ مسلم لیگ ن کی ایک سالہ کارکردگی کو عوام کے سامنے رکھا جائے۔ ملاقات کے دوران گلگت بلتستان انتخابات پر پارٹی پوزیشن پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔مسلم لیگ (ن)خیبرپختونخوا کے صدر نے گلگت بلتستان انتخابات کے بارے میں بریفنگ دی، خیبرپختونخوا کے رہنماوٓں نے نواز شریف کو کے پی کے اضلاع کا دورہ کرنے کا مشورہ دے دیا۔ن لیگ میں شامل ہونے والے زاہد خان نے ملاقات کے موقع پر نواز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کیلئے بھرپورسیاسی کردار ادا کرنے کاعزم دہرایا۔نواز شریف نے زاہد خان کی مسلم لیگ (ن)میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں پارٹی میں خوش آمدید کہا اور کہا کہ وہ منجھے ہوئے سیاسی کارکن ہیں اور ان کی شمولیت سے مسلم لیگ(ن) کی طاقت میں ا ضافہ ہوگا، نواز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا پاکستان کا دل ہے اور وہاں کی عوام نے تحریک پاکستان میں اور دہشت گردوں کے خلاف بڑی قربانیاں دی ہیں۔ پاکستان کے عوام کی خوشحالی اور ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنا مسلم لیگ (ن) کا ایجنڈا ہے،جب بھی ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوا اسے سیاسی بحرانوں میں دھکیلا گیا،مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ایک بار پھر ملک کو بحرانوں سے نکالنے کابیٹرہ اٹھایا اور آ تعالیٰ کی مددسے پاکستان کی معیشت کو بحالی کے راستے پر ڈالا ہے،پاکستان کی ترقی کا سفر اس وقت تک مکمل نہیں ہوگا جب تک تمام صوبے اس میں شریک نہ ہوں،ملک میں سیاسی استحکام اور پالیسیوں کا تسلسل ترقی کے لئے ناگزیر ہوتا ہے۔