پابندیوں سے پاکستان کے دفاع اور دفاعی فیصلوں پر کوئی فرق نہیں پڑے گا‘ پاکستان کے میزائل پروگرام سے امریکہ کو کوئی خطرہ نہیں
خطے میں میزائل سسٹم اور جوہری ٹیکنالوجی کی دوڑ کا آغاز بھارت نے کیا ‘بڑی طاقتوں کو بھارت کیخلاف سخت اقدامات اٹھانے چاہیے
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے امریکی پابندیوں سے پاکستان کے دفاع اور دفاعی فیصلوں پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا پاکستان کی سکیورٹی کے فیصلے پاکستانی قوم کرے گی اور کسی بیرونی دبائو کا اثر نہیں ہونے دے گی، امریکا کی پاکستانی میزائل پروگرام پر لگائی گئی پابندیاں غیر ضروری اور نا انصافی پر مبنی ہیں، یہ اقدامات پاکستان کی دفاعی پوزیشن کو کمزور نہیں کر سکتے‘کستان نے ماضی میں بھی مختلف پابندیوں کا سامنا کیا ہے، مگر ملک نے ہمیشہ اپنی سکیورٹی پر توجہ مرکوز رکھی ہے اور مستقبل میں بھی ایسا ہی ہوگا، پاکستان کے میزائل پروگرام سے امریکہ کو کوئی خطرہ نہیں۔انہوں نے کہا خطے میں میزائل سسٹمز اور جوہری ٹیکنالوجی کی دوڑ کا آغاز بھارت نے کیا ہے اور بڑی طاقتوں کو بھارت کے خلاف سخت اقدامات اٹھانے چاہیے تاکہ اس دوڑ کو روکنے میں مدد ملے۔فوجی عدالتوں سے متعلق یورپی یونین کے تحفظات پر ردعمل دیتے ہوئے ممتاز زہرا بلوچ نے کہا پاکستان کے آئین اور عدالتوں میں اندرونی معاملات حل کرنے کی مکمل صلاحیت موجود ہے، پاکستانی قوم اپنے اندرونی مسائل کو حل کرنا جانتی ہے اور اس معاملے میں کسی بیرونی مداخلت کی ضرورت نہیں ہے۔