وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف چار روزہ سرکاری دورے کے لیے چین روانہ ہوگئیں۔
لاہور ایئرپورٹ پر چین کے قونصل جنرل سن یان نے ان کا الوداع کیا۔مریم نواز شریف چین کے شہر ارومچی پہنچیں گی، جہاں ان کا استقبال مقامی حکام کریں گے۔دورے کے دوران وہ شِن جِیانگ کے اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس کے کانفرنس سینٹر اور کُنلُن ہال میں اپنی مصروفیات کا آغاز کریں گی۔ اس موقع پر صوبہ شِن جِیانگ کے پارٹی سیکرٹری چِن شیاوجیانگ کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد ملاقات کے لیے تیار ہے، جس میں مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔اس کے علاوہ، ڈپٹی پارٹی سیکرٹری شِن جِیانگ اویغور خودمختار علاقائی کمیٹی کے نمائندے بھی مریم نواز شریف سے ملاقات کریں گے۔
دورے کے دوران، وہ XPCC کے وفد سے بھی ملاقات کریں گی تاکہ باہمی تعاون کے امکانات پر بات چیت کی جائے۔مریم نواز شریف کو شِن جِیانگ اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں قیام کی سہولت فراہم کی جائے گی، جہاں وہ سرکاری مہمان کے طور پر قیام کریں گی۔اس دورے کے دوران، شِن جِیانگ کمیٹی کی جانب سے ایک عشائیہ بھی دیا جائے گا، جس میں اہم شخصیات شامل ہوں گی۔