وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز چین کے 8 روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوں گی، جو 8 دسمبر کو شروع ہوگا۔
مریم نواز کی قیادت میں 10 رکنی وفد بیجنگ، شنگھائی اور گوانگ ڈونگ کا دورہ کرے گا، جہاں وہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، میڈیکل، اور انڈسٹری کے شعبوں میں معاہدوں پر دستخط کریں گی۔ یہ دورہ چین کی حکمران جماعت کمونسٹ پارٹی کی طرف سے مریم نواز کو دی گئی خصوصی دعوت پر ہو رہا ہے، اور وہ چین جانے والی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ ہیں۔دورے کے دوران سموگ اور موسمیاتی تبدیلی کے امور پر باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے معاہدے کیے جائیں گے، جبکہ پنجاب اور چین کے نجی شعبوں کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر بھی بات چیت ہوگی۔ مریم نواز کو چین کے حکومتی، سیاسی اور ترقیاتی ماڈل کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا، اور وہ چین کے اہم رہنماؤں سے ملاقات کریں گی۔مریم نواز کا چین کے دورے میں ہمراہ سینئر صوبائی وزیروں اور اعلیٰ حکومتی عہدیداروں کا وفد بھی شامل ہوگا، جس میں عظمیٰ بخاری، بلال اکبر خان، سید عاشق حسین کرمانی اور دیگر شامل ہیں۔