سرور کونین حضرت محمد ﷺ کی ولادت باسعادت کے جشن کی تیاریاں عروج پر ہیں، ملک بھر میں مساجد، بازاروں، گلی محلوں اور اہم سڑکوں کو رنگ برنگی روشنیاں اور آرائشی جھنڈیاں سجایا جا رہا ہے۔
عید میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے شب بھر محافل نعت، درود و سلام کی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا، جن میں علماء کرام حضورﷺ کی سیرت مبارکہ پر روشنی ڈالیں گے۔ملک بھر میں عید میلاد النبی ﷺ کل مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔ حکومت نے اس دن کو سرکاری طور پر عام تعطیل قرار دیا ہے۔ اس مناسبت سے مختلف شہروں میں سیمینارز، کانفرنسز اور محافل نعت کا انعقاد کیا جائے گا، جبکہ جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔ جلوس کے شرکاء درود پاک کا ورد کرتے ہوئے راستوں سے گزریں گے، اور اس دن کی مناسبت سے نیاز بھی تقسیم کی جائے گی۔شہر شہر میں مساجد، بازاروں اور اہم شاہراہوں کو سبز جھنڈیوں، برقی قمقموں اور چراغاں سے خوبصورت انداز میں سجایا گیا ہے۔ کئی جگہوں پر محرابیں اور آرائشی دروازے بھی نصب کیے گئے ہیں۔
عاشقان رسول خانہ کعبہ اور مسجد نبویﷺ کے خوبصورت ماڈلز بنا کر حضرت محمد ﷺ سے اپنی محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔علماء کرام کا کہنا ہے کہ حضرت محمد ﷺ سے عقیدت و محبت کا تقاضا ہے کہ صرف ذکر ہی نہیں بلکہ حضورﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر انسان دنیا و آخرت میں سرخرو ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیرت النبی ﷺ کو سمجھنا اور اس پر عمل پیرا ہونا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے تاکہ معاشرہ اخلاقی اقدار سے مزین ہو اور امن و محبت قائم رہے۔