سعودی عرب کا 96واں قومی دن، ریاض سمیت مختلف شہروں میں جشن، عمارتیں سبز روشنیوں سے روشن

سعودی عرب کا 96واں قومی دن، ریاض سمیت مختلف شہروں میں جشن، عمارتیں سبز روشنیوں سے روشن

ریاض: سعودی عرب کے 96ویں قومی دن ’یوم الوطنی‘ کے موقع پر مملکت بھر میں جشن کا سماں ہے۔

 دارالحکومت ریاض سمیت مختلف شہروں کی اہم عمارتیں سبز روشنیوں سے جگمگا اٹھیں، جبکہ سڑکوں، شاہراہوں اور عوامی مقامات کو سعودی پرچموں اور خصوصی سجاوٹ سے آراستہ کردیا گیا۔سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق قومی دن کی مناسبت سے مملکت کے مختلف علاقوں میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اہم عمارتوں اور عوامی مقامات پر سعودی پرچم نمایاں ہیں، جبکہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی تصاویر بھی خصوصی سجاوٹ کا حصہ ہیں۔سعودی شہریوں اور مملکت میں مقیم افراد کی جانب سے قومی دن کی تقریبات میں بھرپور شرکت کی جا رہی ہے۔ مختلف مقامات پر قومی نغموں، ثقافتی سرگرمیوں اور خصوصی پروگراموں کے ذریعے یوم الوطنی کا جشن منایا جا رہا ہے۔قومی دن کی تقریبات کے سلسلے میں سعودی وزارت دفاع کی جانب سے رائل سعودی ایئر فورس کے فضائی شوز بھی پیش کیے جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق مختلف شہروں میں شہریوں کو فضائی مظاہروں اور دیگر خصوصی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق فضائی شوز کا آغاز 18 ستمبر کو جدہ کورنیش سے کیا گیا، جبکہ دوسرا شو 19 ستمبر اور تیسرا 20 ستمبر کو پیش کیا گیا۔دوسری جانب الخبر شہر میں بھی قومی دن کی مناسبت سے فضائی شوز کا اہتمام کیا گیا ہے، جہاں 26 اور 27 ستمبر کو کورنیش پر شہزادہ سلطان بن عبدالعزیز سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سینٹر کے سامنے ایئر شو پیش کیا جائے گا۔سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر ملک بھر میں سبز و سفید رنگوں سے سجی عمارتیں، قومی پرچم اور مختلف تقریبات قومی جوش و جذبے کی عکاسی کر رہی ہیں۔