قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن 11 کے فائنل سے قبل ایک شاندار اور رنگا رنگ اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس نے ایونٹ کو مزید یادگار بنا دیا۔
تقریب میں شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے ماحول کو جوش و خروش سے بھر دیا۔ اس دوران چیئرمین پی سی بی سید محسن رضا نقوی بھی اس خصوصی تقریب میں شامل تھے۔ اس موقع پر سابق کپتان ظہیر عباس اور وسیم اکرم نے پی ایس ایل ٹرافی کو سٹیج پر لایا، جس پر شائقین نے خوب داد دی۔ تقریب کے دوران اڑتے ہوئے غباروں کے ساتھ جمناسٹک کے شاندار کرتب بھی پیش کیے گئے، جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔ فائنل سے قبل یہ رنگا رنگ تقریب ایونٹ کو مزید پرکشش اور یادگار بنا گئی۔ اس کے علاوہ، معروف گلوکار عاطف اسلم اور آئمہ بیگ نے پی ایس ایل کا اینتھم گاکر اسٹیڈیم میں سماں باندھ دیا۔
علی عظمت کی پرفارمنس پر بھی اسٹیڈیم میں موجود شائقین جھوم اٹھے اور خوب داد دی۔ساتھ ہی، عارف لوہار کی دلکش پرفارمنس نے قذافی اسٹیڈیم میں موجود لوگوں کو ناچنے پر مجبور کردیا۔
انعامات اور مقابلہ:یاد رہے کہ پی ایس ایل کی فاتح ٹیم کو 14 کروڑ روپے جبکہ رنر اپ ٹیم کو 8 کروڑ روپے کا انعام دیا جائے گا۔آج کے فائنل میں پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہیں، اور دونوں ٹیمیں ٹرافی جیتنے کے لیے پرعزم ہیں۔اب دیکھنا یہ ہے کہ کون سی ٹیم اس بار پی ایس ایل 11 کا نیا چیمپئن بنتی ہے۔