پنجاب کے بازاروں کو عید میلادالنبی ﷺ کے حوالے سے ایک ہی تھیم کے تحت سجانے کا اعلان

پنجاب کے بازاروں کو عید میلادالنبی ﷺ کے حوالے سے ایک ہی تھیم کے تحت سجانے کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبہ بھر میں عید میلادالنبی ﷺ کی تقاریب کو مذہبی جذبہ اور تزک و احتشام سے منانے کے لیے اہم ہدایات جاری کی ہیں۔

 انہوں نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی ہے کہ وہ عید میلادالنبی ﷺ کے حوالے سے خصوصی انتظامات کریں اور تمام اضلاع میں تزئین و آرائش کو یقینی بنائیں۔مریم نواز نے بازاروں، مساجد، گلیوں اور دیگر مقامات کو ایک ہی تھیم کے تحت سجانے کا حکم دیا ہے تاکہ تقریبات میں ہم آہنگی اور روحانیت کا مظاہرہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو انتظامات اور سجاوٹ کی تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کرنے کی ہدایت دی ہے۔اس کے علاوہ، وزیراعلیٰ نے محافل میلاد کے مقامات پر خصوصی صفائی انتظامات کرنے اور تقریبات سے قبل و بعد میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کا بھی حکم دیا ہے۔ انہوں نے عرقِ گلاب کے چھڑکاؤ اور دیگر مذہبی رسوم کو بھی ترجیح دینے کی ہدایت کی ہے۔مزید برآں، انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع میں عید میلادالنبی ﷺ کی تقریبات کے انعقاد کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر تعاون کو یقینی بنائیں تاکہ یہ مذہبی تقاریب روحانی اور پرامن انداز میں منائی جا سکیں۔