اسلام آباد میں عیدالفطر کی آمد کے ساتھ شہر کی مارکیٹیں جشن اور خریداری کی رونق سے بھر گئی ہیں۔
مختلف علاقوں میں دکان داروں نے خصوصی اسٹالز سجائے ہیں جہاں عید کے ملبوسات، چوڑیاں، جیولری اور مہندی کے اسٹالز شہریوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔خاص طور پر G-9 کے مرکز میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد خریداری میں مصروف ہے اور مارکیٹ میں چہل پہل دیکھنے کو مل رہی ہے۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ عید قریب آتے ہی خریداروں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس سے بازاروں کی رونقیں مزید بڑھ گئی ہیں۔شہری بھی عید کی خریداری کے لیے بازاروں کا رخ کر رہے ہیں اور بچوں میں خوشی و جوش واضح طور پر نظر آ رہا ہے۔ مجموعی طور پر اسلام آباد کے بازاروں کا ماحول خوشگوار، پرجوش اور عید کی خوشیوں سے معمور دکھائی دے رہا ہے۔