لاہور(آئی این پی ) لاہور سمیت پنجاب بھر میں موسم گرما کی طویل تعطیلات ختم ہونے کے بعد سرکاری و نجی تعلیمی ادارے پیر کے روز سے دوبارہ کھل گئے جس کے ساتھ ہی تعلیمی سرگرمیاں بحال ہوگئیں۔22 مئی سے 23 اگست تک جاری رہنے والی گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد اسکولوں، کالجز اور دیگر تعلیمی اداروں میں معمول کی سرگرمیوں کا آغاز ہوگیا۔طویل وقفے کے بعد کلاس رومز ایک بار پھر آباد ہوگئے جبکہ طلبہ اپنے دوستوں اور اساتذہ سے ملنے پر خوش نظر آئے۔پنجاب حکومت نے شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے باعث رواں سال تقریبا 3 ماہ کی طویل تعطیلات کا اعلان کیا تھا۔محکمہ تعلیم نے پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں میں اساتذہ اور عملے کی سو فیصد حاضری یقینی بنانے کی بھی ہدایت کردی ہے جبکہ اسکول کھلنے سے قبل صفائی ستھرائی اور ڈینگی سے بچا ئوکیلئے بھی خصوصی اقدامات مکمل کئے گئے ہیں۔دوسری جانب تعلیمی ادارے کھلنے کے پہلے روز لاہور سمیت بڑے شہروں میں سڑکوں اور اسکول روٹس پر ٹریفک کا دبا ئوبڑھنے کا امکان ہے۔تین ماہ سے نسبتا سنسان رہنے والے اسکول روٹس پر والدین، طلبہ اور اسکول وینز کی آمدورفت بھی بڑھ گئی ۔ٹریفک پولیس نے اسکولوں کے اطراف ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے مختلف اہم شاہراہوں پر وارڈنز تعینات کردیئے ہیں اور رش کو کنٹرول کرنے کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ٹریفک پولیس نے والدین اور شہریوں کو اسکول اوقات میں غیر ضروری سفر سے گریز اور ٹریفک قوانین کی پابندی کرنے کی ہدایت کی ہے۔