آبادی کی منصوبہ بندی کو قومی ترقی، معاشی استحکام اور انسانی وسائل کی بہتری سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے،نیشنل پاپولیشن کونسل کا پہلا اجلاس جلد طلب کیا جائے:اجلاس میں گفتگو
نیشنل پاپولیشن کونسل کی سربراہی وزیراعظم کریں گے، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان اور دیگر سٹیک ہولڈرز شامل ہوں گے
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے بڑھتی ہوئی آباد کو قومی وسائل پر دباؤ اور ترقی کے لیے بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے نیشنل پاپولیشن کونسل کا پہلا اجلاس جلد طلب کرنے کی ہدایت کردی۔وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت بہبود آبادی کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جہاں انہوں نے کہا کہ وسائل اور آبادی میں توازن ہی پائیدار ترقی کی ضمانت ہے، تیزی سے بڑھتی آبادی سے قومی وسائل پر دباؤ بڑھ رہا ہے اور ترقی کے لیے بڑا چیلنج ہے۔انہوں نے کہا کہ آبادی کی منصوبہ بندی کو قومی ترقی، معاشی استحکام اور انسانی وسائل کی بہتری سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے۔وزیراعظم نے نیشنل پاپولیشن کونسل کا افتتاحی اجلاس جلد از جلد طلب کرنے اور قومی سطح پر آبادی سے متعلق پالیسی سازی کے لیے نیشنل پاپولیشن کونسل کا تنظیمی ڈھانچہ جلد از جلد مرتب کرنے کی ہدایت کی۔نیشنل پاپولیشن کونسل کی سربراہی وزیراعظم خود کریں گے، نیشنل پاپولیشن کونسل میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان اور دیگر اسٹیک ہولڈرز شامل ہوں گے۔