پاکستان کے معروف گلوکار و اداکار علی ظفر نے بھارتی فلم سَیّارہ کے مشہور گانے کا کور پیش کیا جس پر سوشل میڈیا پر شائقین کی جانب سے مثبت اور منفی دونوں طرح کے ردعمل سامنے آئے ہیں۔
بھارتی فلم سَیّارہ 18 جولائی کو ریلیز ہوئی تھی، جو ایک رومانوی میوزیکل ڈرامہ فلم ہے۔ فلم میں نئے اداکار اہان پانڈے اور انیت پڈا نے ڈیبیو کیا، جسے نہ صرف بھارت بلکہ بیرونِ ملک بھی خوب پزیرائی ملی۔ فلم کے گانے بھی خاصے مقبول ہوئے، جن میں سے ایک گانا مداحوں کے دلوں کو بھا گیا۔علی ظفر نے اس گانے کا کور گاتے ہوئے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی اور اپنے پیغام میں لکھا:"بہت کم نئے گانے مجھے متاثر کرتے ہیں، لیکن جب میں نے اس گانے کا ایک اے آئی ورژن اپنے پسندیدہ گلوکار کشور کمار کی آواز میں سنا تو یہ دل میں اتر گیا۔ بس پھر مجھے بھی یہ گانا گانے کی خواہش ہوئی۔"کور سانگ سامنے آتے ہی مداحوں کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آیا۔ کچھ صارفین نے علی ظفر پر تنقید کرتے ہوئے کہا:"شکر ہے آپ نے گانا نہیں گایا، کاش یہاں ڈس لائیک کا بٹن ہوتا۔"جبکہ دوسری جانب کچھ مداحوں نے گلوکار کی تعریف کرتے ہوئے کہا:"انہوں نے گانے کو اپنے منفرد انداز میں گایا ہے اور خوبصورت پیشکش کی ہے۔"یوں علی ظفر کا یہ نیا کور سانگ اس وقت سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بنا ہوا ہے، جہاں مداح اور ناقدین دونوں ہی اپنی رائے کا کھل کر اظہار کر رہے ہیں۔