18اگست کی کی ہڑتال سے حکومت ٹس سے مس نہیں ہوئی ،جلد آئندہ کالائحہ عمل دینگے:وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل
لاہور ( کرائم رپورٹر) پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین چودھری محمد اشفاق کہوٹ نے کہا ہے کہ وکلاء کے خلاف درج کی گئی جھوٹی ایف آئی آرز خارج نہ کرنے کے خلاف ملک گیر احتجاج اورہڑتال کی حکمت عملی طے کرنے کیلئے تمام بارز کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیاہے ،پنجاب بار کونسل کے انتخابات کے سلسلہ میں اہم اجلاس26اگست کو ہوگا جس کی صدارت ریٹرننگ آفیسر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب امجد پرویز کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفترمیں ملاقات کے لئے آنے والے مختلف اضلاع کے بارز کے عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل چودھری محمد اشفاق کہوٹ نے کہا کہ وکلاء کے خلاف درج جھوٹی ایف آئی آرز ختم کرنے کیلئے 18اگست کو ماتحت عدالتوں میں ہڑتال کی گئی لیکن حکومت اس پر ٹس سے مس نہیں ہوئی۔اگلے مرحلے میں ہڑتال اور احتجاج کادائرہ وسیع کرنے کیلئے تمام ہائیکورٹس بار اورتمام ڈسٹرکٹس بارز کے عہدیداروں کا اجلاس طلب کیا جارہا ہے جس میں ملک گیر احتجاج کے لئے حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔ ہمارا دو ٹوک مطالبہ ہے کہ وکلاء کے خلاف درج کی گئی جھوٹی ایف آئی آرز خارج کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء عام عوام کو انصاف کی فراہمی کیلئے اپنے کردار ادا کر رہے ہیں جس کی پاداش میں ان کے خلاف جھوٹی ایف آئی آرز درج کی جارہی ہیں ،احتجاج کے حوالے سے مشاورت کے بعد جلد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔انہوں نے وفدکو آگاہ کیا کہ پنجاب بار کونسل کے انتخابات کیلئے اہم اجلاس 26اگست کو منعقد ہوگا جس کی صدارت ریٹرننگ آفیسر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب امجد پرویزکریں گے۔ اجلاس میں پنجاب بار کونسل کے آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے اہم امور زیر بحث آئیں گے