لاہور(کرائم رپورٹر) ڈولفن سکواڈ نے شہر میں ون ویلرز کے خلاف خصوصی سنڈے کریک ڈائون کرتے ہوئے 26 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ترجمان ڈولفن کے مطابق ملزمان شاہراہِ عام پر ون ویلنگ اور خطرناک کرتب دکھا رہے تھے۔ پٹرولنگ کے دوران ڈولفن ٹیموں نے فیروزپور روڈ، جیل روڈ اور کینال روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے متعدد افراد کو گرفتار کیا۔ڈیفنس اور دیگر علاقوں میں بھی کارروائیاں کی گئیں، جہاں پکڑے جانے والے ملزمان کو تھانہ نشتر، ڈیفنس بی، ہربنس پورہ اور گارڈن ٹائون پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ڈولفن سکواڈ کے مطابق شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ون ویلنگ اور خطرناک کرتب کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی، کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔