پولیس انٹرن شپ پروگرام ، دسویں بیچ کی اختتامی تقریب

طلبا و طالبات نے 5 ہفتوں کی انٹرن شپ مکمل کر کے تجربات پیش کیے
لاہور(کرائم رپورٹر) پنجاب پولیس کے سنٹرل پولیس آفس میں انٹرن شپ پروگرام کے دسویں بیچ کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پنجاب یونیورسٹی کے 25 اور یونیورسٹی آف لاہور کے 37 طلبا و طالبات نے پروگرام میں حصہ لیا۔ طلبا و طالبات کو بی ایس کریمنالوجی اور کریمنل جسٹس شعبوں میں 5 گروپس میں تقسیم کر کے مختلف برانچوں جیسے سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی، سیف سٹیز اتھارٹی، انویسٹی گیشن اور آئی ٹی میں 5 ہفتوں کیلئے اٹیچ کیا گیا۔ اختتامی تقریب میں طلبا و طالبات نے اپنے تجربات پر مبنی پریزنٹیشن رپورٹس پیش کیں۔ ڈی آئی جی ٹریننگ منیر احمد ضیاء￿  راؤ نے کہا کہ انٹرن شپ کا تجربہ طلبا و طالبات کی کیریئر ڈویلپمنٹ میں معاون ثابت ہوگا اور پولیس ورکنگ و فیلڈ چیلنجز کو قریب سے دیکھنے کا موقع فراہم کرے گا۔ طلبا و طالبات نے آئی جی پنجاب کے اس اقدام پر شکرگزاری کا اظہار کیا۔