طلبہ کی یادگارِ شہدا پر حاضری ،پولیسنگ، کمیونٹی سروسز اور تربیتی امور پر بریفنگ
لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب پولیس کے والنٹیئرز اِن پولیس پروگرام کے تحت انٹرن شپ پروگرام کے 29ویں بیج کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف یونیورسٹیوں کے طلبہ و طالبات نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ کا دورہ کیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز محمد فیصل کامران کی ہدایت پر منعقدہ پروگرام کے دوران طلبہ کو پروفیشنل پولیس ورک، کمیونٹی پولیسنگ، پولیس خدمت مراکز اور ویمن سیفٹی ایپ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ایس پی ہیڈ کوارٹرز منزہ کرامت کے مطابق وفد نے یادگارِ شہداء پولیس لائنز پر حاضری دی، شہداء کو سلامی پیش کی اور فاتحہ خوانی و دعا میں شرکت کی۔ طلبہ کو عملی پولیسنگ سے روشناس کرانے کے لیے ایس پی محمد وارث کی سربراہی میں اے آر ایف کے خصوصی دستے نے ہجوم کو کنٹرول کرنے کی عملی مشق کا مظاہرہ بھی پیش کیا۔ پروگرام کے دوران طلبہ و طالبات کو فائرنگ رینج پر فائر پریکٹس بھی کروائی گئی، جبکہ انہیں کمیونٹی پولیسنگ، پولیس ورکنگ، ٹریننگ سینٹرز، اے آر ایف، ایلیٹ فورس، کھلی کچہری، آپریشنز ونگ، سیف سٹی، سپیشل برانچ، ٹریفک پولیس، ڈولفن فورس اور پولیس و عوام کے درمیان روابط کے فروغ سے متعلق مختلف امور سے آگاہ کیا گیا۔ دورے کے موقع پر لائن آفیسر احسان الحق اور فوکل پرسن عبدالرحمان بھی موجود تھے۔ طلبہ کے وفد نے پروگرام کے انتظامات اور معلوماتی سیشنز کو سراہتے ہوئے پنجاب پولیس کا شکریہ ادا کیا۔