خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے کیسز میں خطرناک اضافہ، 90 فعال مریض رپورٹ

خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے کیسز میں خطرناک اضافہ، 90 فعال مریض رپورٹ

خیبرپختونخوا میں ڈینگی وائرس کی صورتحال دن بدن تشویشناک ہوتی جا رہی ہے، جہاں متاثرہ مریضوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

 محکمہ صحت کے تازہ اعدادوشمار کے مطابق صوبے میں اس وقت ڈینگی کے فعال مریضوں کی تعداد 90 تک پہنچ گئی ہے۔محکمہ صحت کے مطابق اب تک صوبے میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 398 ہو گئی ہے، جن میں سے 308 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 82 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے۔اعدادوشمار کے مطابق سب سے زیادہ ڈینگی کے فعال کیسز ضلع چارسدہ سے سامنے آئے ہیں، جہاں 73 مریض زیر علاج ہیں۔ اس کے علاوہ ایبٹ آباد میں دو، ہری پور میں ایک، نوشہرہ اور مانسہرہ میں تین تین، لکی مروت میں دو، مردان اور پشاور میں ایک ایک فعال کیس موجود ہے۔

دوسری جانب صوابی میں ڈینگی کے تین جبکہ ٹانک میں ایک فعال کیس رپورٹ ہوا ہے۔ماہرین صحت نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، جن میں گھروں کے اندر اور باہر پانی جمع نہ ہونے دینا، مچھر دانیوں کا استعمال اور صفائی ستھرائی کو یقینی بنانا شامل ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بروقت اقدامات نہ کئے گئے تو ڈینگی کی صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔