راولپنڈی میں ڈینگی وائرس کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے، جہاں تازہ اعداد و شمار کے مطابق 58 مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے۔
ان میں سے 11 مریض اسپتالوں میں داخل ہیں جبکہ زیرِ علاج تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 7 ہے۔ خوش قسمتی سے رواں سال اب تک ڈینگی سے کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔ضلعی اعداد و شمار کے مطابق راولپنڈی میں 30 اور مری میں 28 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ڈینگی مہم کے دوران یکم جنوری سے اب تک 43 لاکھ سے زائد گھروں کی چیکنگ مکمل کی گئی، جن میں سے 58 ہزار 364 گھروں میں ڈینگی لاروا کی موجودگی پائی گئی۔مزید برآں، 11 لاکھ 48 ہزار 213 مقامات کی چیکنگ کے دوران 11 ہزار سے زائد جگہوں پر ڈینگی پازیٹو آیا، جبکہ 69 ہزار 812 مقامات سے لاروا تلف کیا گیا۔
ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر حکام نے 2,288 ایف آئی آرز درج کیں، 1,257 مقامات سیل کیے، 3,555 چالان کیے اور 42 لاکھ روپے سے زائد جرمانے عائد کیے۔حالیہ دنوں میں مری کے علاقوں پھاگھوری، پوتھا شریف اور گھہال میں نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جبکہ راولپنڈی سٹی کے عید گاہ، سیٹلائٹ ٹاؤن، بنی اور گنگ منڈی کے علاوہ کہوٹہ، گجر خان، ٹیکسلا اور کلر سیداں میں بھی ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔