کراچی: سابق ٹیسٹ کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے قومی کرکٹ ٹیم میں فوری تبدیلیوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ کم از کم دو سے تین کھلاڑیوں کو تبدیل کر کے نئے لڑکوں کو موقع دینا چاہیے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی مایوس کن کارکردگی پر افسوس ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، لیکن ٹیم کے جو نتائج سامنے آئے، وہ توقعات کے مطابق ہی تھے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر کافی بات ہو چکی، اب ہمیں مستقبل پر توجہ دینی چاہیے اور ٹیم میں نئے کھلاڑی شامل کرنے چاہئیں۔ وسیم اکرم نے تجویز دی کہ قومی ٹیم میں ایسے نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کیا جائے جو بے خوف ہو کر کھیل سکیں اور جارحانہ کرکٹ کھیلنے کا جذبہ رکھتے ہوں۔وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کا پاکستان میں انعقاد خوش آئند ہے، لیکن قومی ٹیم کو بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے خود کو بدلنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری وائٹ بال کرکٹ ٹیم میں موجودہ کھلاڑیوں کو دیکھ کر لگتا ہے کہ وہ شکست کو معمول سمجھ چکے ہیں، جس کا فوری حل نکالنا ضروری ہے۔واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد وسیم اکرم نے سخت ردعمل دیتے ہوئے 6 بڑے کھلاڑیوں کو ٹیم سے نکالنے کا مطالبہ کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں ایسے کھلاڑیوں کو شامل کیا جائے جو خوف کے بغیر کھیل سکیں اور میچ جتوانے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔