شاہد آفریدی نے وسیم اکرم کی ٹیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کی تجویز مسترد کر دی

شاہد آفریدی نے وسیم اکرم کی ٹیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کی تجویز مسترد کر دی

ویب ڈیسک: قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کے بیان پر سخت ردعمل دیا، جس میں انہوں نے قومی ٹیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کی تجویز دی تھی۔

وسیم اکرم سمیت کئی سابق کرکٹرز نے پاکستانی ٹیم کے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے پہلے راؤنڈ میں باہر ہونے پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ 5 سے 6 سینئر کھلاڑیوں کو ٹیم سے نکال دینا چاہیے، کیونکہ ان کی موجودگی کے باوجود گرین شرٹس بڑے ٹورنامنٹ جیتنے میں ناکام رہے ہیں۔ وسیم اکرم نے خاص طور پر محمد رضوان اور دیگر کرکٹرز پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ سلیکٹرز کو بہتر فیصلے کرنے کی ہمت دکھانی چاہیے اور ٹیم کو 2026 ٹی20 ورلڈکپ کی تیاری ابھی سے شروع کرنی چاہیے۔

تاہم، شاہد آفریدی نے نجی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم کے بیان کو چیلنج کرتے ہوئے سوال کیا،"وسیم بھائی بتائیں، اگر ہم 5-6 کھلاڑیوں کو نکال دیں تو ان کی جگہ لینے کے لیے کیا ایسے ہی معیار کے کرکٹرز موجود ہیں؟"شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ بڑے ناموں کو ٹیم سے باہر کرنا بھی تنقید کا باعث بن سکتا ہے، اور اگر اس کے باوجود نتائج نہ آئے تو پھر کیا ہوگا؟انہوں نے مزید کہا کہ نئے کھلاڑی آئیں گے تو شکست کے بعد یہی کہا جائے گا کہ ہم ورلڈکپ کی تیاری کر رہے ہیں، اور پھر ایک اور سرجری کا آغاز ہو جائے گا۔