وسیم اکرم کا پاکستان ٹیم کے کیلے کھانے پر طنز، مداحوں کی جانب سے شدید ردعمل

وسیم اکرم کا پاکستان ٹیم کے کیلے کھانے پر طنز، مداحوں کی جانب سے شدید ردعمل

آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں بھارت کے خلاف میچ کے دوران پاکستان ٹیم کی جانب سے زیادہ کیلے کھانے پر وسیم اکرم نے طنز کیا جس پر سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا۔

 وسیم اکرم نے لائیو پروگرام میں کہا کہ شاید پانی کے وقفے کے دوران پاکستان کے کھلاڑیوں کے لیے کیلوں سے بھری پلیٹ آئی ہوگی، اور اتنے کیلے تو بندر بھی نہیں کھاتے، یہ تو بندروں کی غذا ہے۔وسیم اکرم کا یہ بیان خاصا متنازعہ بن گیا، اور سوشل میڈیا پر لوگوں نے ان کی تنقید کو غیر ضروری اور احمقانہ قرار دیا۔ صحافی گوہر گیلانی نے بھی اس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وسیم اکرم کو کرکٹ کے بارے میں بات کرنی چاہیے نہ کہ کیلوں اور فلموں کے ڈائیلاگز پر۔وسیم اکرم نے گوہر گیلانی کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’’مجھے آپ کے بچوں کی فکر ہو رہی ہے، آپ انہیں تو ڈنڈے مارتے ہوگے۔‘‘

سابق بھارتی کرکٹر یووراج سنگھ کے والد یوگراج سنگھ نے بھی وسیم اکرم کے بیان پر طنز کیا اور کہا کہ ’’اتنے کیلے کون کھائے گا؟ ایسے بیان پر ایکشن لینا چاہیے، یہ ناقابل برداشت ہے۔ اگر میں وزیر اعظم ہوتا تو میں کہتا، اپنا بیگ پکڑو اور ملک سے نکل جاؤ۔‘‘یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب پاکستان چیمپیئنز ٹرافی کے گروپ اسٹیج سے باہر ہوگیا تھا۔ قومی ٹیم کو بھارت اور نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا ہوا، جبکہ بنگلہ دیش کے خلاف میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہوگیا تھا۔