ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس، چالان عدالت میں پیش

ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس، چالان عدالت میں پیش

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں 16 سالہ ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس کی سماعت ہوئی۔

 عدالت کو پراسکیوشن کی جانب سے مقدمہ کا چالان پیش کردیا گیا، جس کی اسکروٹنی ٹیم نے ایک ماہ سے زائد عرصہ تک جانچ پڑتال کے بعد مکمل کی۔چالان کے مطابق ملزم عمر حیات کو ہی ثناء یوسف کا قاتل قرار دیا گیا ہے۔ ملزم نے مجسٹریٹ کے سامنے اپنا اعترافی بیان بھی ریکارڈ کرایا کہ اس نے ثناء یوسف کو قتل کیا۔ چالان میں بتایا گیا کہ ملزم نے ٹک ٹاکر کو اس وقت قتل کیا جب ثناء یوسف نے اس کی دوستی سے انکار کیا۔ عمر حیات مقتولہ کے گھر کے اندر داخل ہوا اور اسے گولیوں کا نشانہ بنا کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔

پراسکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ اس مقدمہ میں 31 گواہان شامل کیے گئے ہیں، جن میں ثناء یوسف کے اہلِ خانہ، ڈاکٹر، پولیس اہلکار اور دیگر افراد شامل ہیں۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ موسمِ گرما کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد کیس کا باقاعدہ ٹرائل شروع ہوگا۔یہ واقعہ اس وقت پیش آیا تھا جب ملزم عمر حیات نے دوستی نہ کرنے پر ثناء یوسف کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، جس نے عوامی سطح پر شدید غم و غصہ پیدا کیا۔