حنا جاوید قتل کیس میں اہم پیش رفت، پولیس نے چالان عدالت میں جمع کرا دیا

حنا جاوید قتل کیس میں اہم پیش رفت، پولیس نے چالان عدالت میں جمع کرا دیا

راولپنڈی: ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر راولپنڈی نے حنا جاوید قتل کیس کا چالان ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں پیش کردیا، جس کے بعد پراسیکیوشن برانچ نے چالان کی قانونی جانچ پڑتال کا عمل شروع کردیا ہے۔

 عدالت کی جانب سے ابتدائی سماعت کل منگل کو کیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر راولپنڈی نے قتل کیس کے چالان کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے تاکہ اس میں موجود قانونی تقاضوں اور دستاویزات کی تکمیل کو یقینی بنایا جاسکے۔ پراسیکیوشن برانچ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر چالان میں کسی قسم کے قانونی نقائص یا خامیاں سامنے آئیں تو اسے ضروری اصلاحات کے لیے دوبارہ پولیس کو بھجوایا جاسکتا ہے۔

پولیس نے فرانزک رپورٹس کے بعد چالان جمع کرایا
حنا جاوید قتل کیس کا مقدمہ تھانہ سول لائن راولپنڈی میں درج ہے۔ 45 سالہ شادی شدہ خاتون حنا جاوید کو 20 اگست کو ان کے گھر میں قتل کردیا گیا تھا۔راولپنڈی پولیس نے واقعے کی تحقیقات مکمل کرنے اور فرانزک رپورٹس موصول ہونے کے بعد مقدمے کا چالان تیار کرکے عدالت میں جمع کرایا ہے۔ اب پراسیکیوشن برانچ کی جانب سے اس کا تفصیلی جائزہ لیا جارہا ہے۔

پنجاب پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ نے ہائی پروفائل کیس قرار دے دیا
پنجاب پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ نے حنا جاوید قتل کیس کو ہائی پروفائل قتل کیس قرار دیا ہے، جس کے باعث مقدمے کی قانونی کارروائی اور تفتیشی دستاویزات کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔دوسری جانب مقتولہ کے اہلخانہ پہلے ہی پولیس کی تفتیش پر عدم اعتماد کا اظہار کرچکے ہیں۔ ایسے میں چالان کی جانچ پڑتال اور آئندہ عدالتی کارروائی کو کیس میں اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔