ایران اور بحرین کی پاکستان کو سیلاب متاثرین کیلئے مدد کی پیشکش

ایران اور بحرین کی پاکستان کو سیلاب متاثرین کیلئے مدد کی پیشکش

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ایرانی ہم منصب سکندر مومنی نے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور پاکستان میں حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی۔

ایرانی وزیر داخلہ نے خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کرتے ہوئے صبر جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک برادر اور ہمسایہ ملک ہے، آزمائش کی اس گھڑی میں ایران مکمل تعاون کے لیے تیار ہے۔ سکندر مومنی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریاں دیکھ کر دل رنجیدہ ہے، ایران مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران کی جانب سے مدد اور اظہار یکجہتی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کی خوشیاں اور غم مشترک ہیں، تاہم موسمیاتی تبدیلیوں نے پاکستان کے لیے بڑے چیلنجز کھڑے کر دیے ہیں۔

 ان کا مزید کہنا تھا کہ تاریخ میں پہلی بار پاکستان کو ایسی خطرناک موسمیاتی صورتحال کا سامنا ہے، لیکن تمام ادارے متاثرین کی مدد اور بحالی کے لیے فیلڈ میں متحرک ہیں اور ریلیف ترجیح اول ہے۔قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور بحرین کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل راشد بن عبداللہ الخلفیہ کے درمیان بھی ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ بحرینی وزیر داخلہ نے حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔لیفٹیننٹ جنرل راشد بن عبداللہ الخلفیہ نے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں بحرین پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔