ویب ڈیسک: دوسروں کی جانیں بچانے والے سول ڈیفنس کے رضاکار خود سیلاب کی زد میں آ گئے۔
راوی کنارے قائم سول ڈیفنس غوطہ خوروں کی پوسٹ سیلابی ریلے کی نذر ہو گئی، جس سے اہم سامان دریا برد ہوگیا۔اطلاعات کے مطابق سیلاب میں درجنوں لائف جیکٹس، 2 کشتیاں، کشتیوں کے انجن، جنریٹر، سلنڈر، واش روم اور کچن کا سامان بہہ گیا۔ غوطہ خوروں کی مکمل پوسٹ بھی تباہ ہو گئی۔سیلاب کے وقت سول ڈیفنس کے رضاکار اور غوطہ خور متاثرہ علاقوں میں لوگوں کی جانیں بچانے میں مصروف تھے، اسی دوران ان کا ذاتی سامان اور سہولیات بھی دریا کے تیز بہاؤ میں بہہ گئیں۔چیف ڈسٹرکٹ آفیسر (سی ڈی او) سول ڈیفنس اشفاق احمد نے اس صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ:
"سیلاب سے غوطہ خوروں کا ذاتی سامان متاثر ہوا ہے۔ کشتیاں نہیں بلکہ پوسٹ کے ڈھانچے بہہ گئے ہیں۔ اب ہم نئی چیک پوسٹ دریا کے کنارے سے مزید پیچھے بنائیں گے تاکہ آئندہ ایسا نقصان نہ ہو۔"یہ افسوسناک واقعہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ قدرتی آفات میں نہ صرف متاثرین بلکہ ان کی مدد کے لیے موجود ادارے بھی مشکلات کا شکار ہو جاتے ہیں۔