ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا اور شمالی پاکستان کے مختلف علاقوں میں کلاؤڈ برسٹ، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے۔
مختلف حادثات میں اب تک 210 سے زائد افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ کئی افراد تاحال لاپتہ ہیں۔سرکاری ذرائع کے مطابق صرف بونیر میں 150 سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے، درجنوں دیہات صفحہ ہستی سے مٹ گئے، مکانات، گاڑیاں اور مال مویشی پانی میں بہہ گئے۔ صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر بونیر میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ باجوڑ میں بھی کلاؤڈ برسٹ اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 21 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ مانسہرہ کے گاؤں ڈھیری حلیم میں رات گئے آنے والے سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے 16 افراد کی لاشیں بٹگرام سے نکالی گئیں۔متاثرہ اضلاع بونیر، باجوڑ، مانسہرہ اور بٹگرام کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا ہے۔
ہیلی کاپٹر حادثہ
سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے لیے جانے والا خیبر پختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر بونیر کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثے میں 2 پائلٹس سمیت عملے کے 5 افراد شہید ہو گئے۔ شہداء ریلیف آپریشن کا حصہ تھے اور متاثرین تک امداد پہنچانے جا رہے تھے۔
وزرائے اعلیٰ کا رابطہ
سیلابی تباہی اور ہیلی کاپٹر حادثے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو ٹیلیفون کیا۔ مریم نواز نے قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا، متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی اور شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ انہوں نے کہا:"مشکل کی اس گھڑی میں پنجاب حکومت کے تمام وسائل خیبرپختونخوا کے عوام کی مدد کے لیے حاضر ہیں، اہل پنجاب اپنے خیبرپختونخوا کے بھائیوں اور بہنوں کے غم میں شریک ہیں۔"مریم نواز نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے بھی تعزیت کا پیغام پہنچایا۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے وزیراعلیٰ پنجاب کے فون اور تعاون کی یقین دہانی پر شکریہ ادا کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ کا اظہار افسوس
اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور گورنر سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ انہوں نے انسانی جانوں کے ضیاع پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے اہلکار عوامی خدمت کے مشن پر تھے اور وہ ہمارے ہیرو ہیں۔ مراد علی شاہ نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔