سیلاب متاثرین کی مالی مدد اور تباہ انفراسٹرکچر کی فوری بحالی، وزیراعظم کا حکم

سیلاب متاثرین کی مالی مدد اور تباہ انفراسٹرکچر کی فوری بحالی، وزیراعظم کا حکم

وزیراعظم شہباز شریف نے مون سون بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی فوری مالی امداد اور بحالی کے عمل کو تیز کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

 اجلاس میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا گیا، اور متاثرہ خاندانوں، جاں بحق افراد کے خاندانوں کو مالی مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مکمل یا جزوی طور پر تباہ گھروں کے مالکان کو بھی امداد دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیراعظم نے متاثرہ علاقوں میں بجلی اور سڑکوں کی بحالی کو جلد انجام دینے کی ہدایت دی اور متعلقہ وفاقی وزراء و سیکریٹریز کو خود متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لینے کا حکم دیا۔ انہوں نے امدادی کارروائیوں کو تیز کرنے اور اشیائے خورونوش سمیت دیگر ضروری سامان فوری پہنچانے کی ہدایت بھی دی ہے۔ این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کو امدادی سرگرمیوں کے لیے مکمل تیار رہنے کا کہا گیا ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ اب تک 615 ٹن امدادی سامان متاثرہ علاقوں میں پہنچایا جا چکا ہے، اور مزید سامان کی ترسیل جاری ہے۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں انفراسٹرکچر کی بحالی کے کام بھی تیزی سے جاری ہیں۔ ارلی وارننگ سسٹم کی بدولت قبل از وقت شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزراء اور صوبائی حکام سمیت چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے چیف سیکریٹریز نے شرکت کی۔