ویب ڈیسک: پاکستان کی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے انکشاف کیا ہے کہ معروف یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی غیر قانونی بیٹنگ ایپس کی تشہیر کے عوض ایک پروگرام کے 10 سے 20 ہزار ڈالر وصول کرتے تھے۔
ادارے نے کہا کہ ڈکی بھائی نے جوئے کو فروغ دینے کے حوالے سے 50 سے زائد پروموشنل پروگرامز کیے۔این سی سی آئی اے کے مطابق یوٹیوبرز اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو بیرونِ ملک بیٹھے بکیے استعمال کرتے ہیں، جو انہیں بڑی رقوم ادا کرتے ہیں۔ یہی معاملہ ڈکی بھائی کے ساتھ بھی ہوا۔ادارے نے 46 غیر قانونی آن لائن ایپس کی فہرست جاری کی ہے جن میں مشہور بیٹنگ اور جوا کھیلنے والی ایپس شامل ہیں۔ ان میں Aviator Game، Chicken Road، 1xBet، Dafabet، 22bet، Me let، Pari Match، Bet365، Plinko، 10cric، Rabona، Casumo سمیت دیگر کئی ایپس شامل ہیں۔حکام کے مطابق ان ایپس کے ذریعے نہ صرف اربوں روپے کا آن لائن جوا کھیلا جا رہا تھا بلکہ یہ شہریوں کی ذاتی معلومات اور موبائل نمبرز تک رسائی حاصل کرکے انہیں دوسروں کو فراہم کرتی تھیں۔
این سی سی آئی اے نے بتایا کہ ان ایپس کی فہرست پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو فراہم کر دی گئی ہے اور اب پی ٹی اے سائبر کرائم ونگ کی درخواست پر تمام غیر قانونی ایپس کو بند کرے گا۔ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے سرفراز چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں 40 سے زائد آن لائن جوا کھیلنے والی ایپس کے ذریعے اربوں روپے کی رقوم کا لین دین ہو رہا تھا۔ ان ایپس کو فروغ دینے والے افراد کی فہرست بھی تیار کر لی گئی ہے اور متعدد افراد کو شامل تفتیش کر لیا گیا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں این سی سی آئی اے نے یوٹیوبر ڈکی بھائی کو لاہور ایئرپورٹ سے بیرون ملک روانگی کے دوران گرفتار کیا تھا۔ حکام کے مطابق ڈکی بھائی کے خلاف مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔