ویب ڈیسک: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے جوا ایپس کی تشہیر کے الزام میں ایک اور معروف یوٹیوبر کو گرفتار کر لیا۔
ذرائع کے مطابق این سی سی آئی اے کی ٹیم نے یوٹیوبر مدثر حسن کو لاہور سے حراست میں لیا۔ ان پر الزام ہے کہ وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے غیر قانونی جوا ایپلیکیشنز کی تشہیر کر رہے تھے۔حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے علاوہ مزید تین یوٹیوب چینلز کے خلاف بھی تحقیقات جاری ہیں، جن میں مشہور چینل سسٹرالوجی بھی شامل ہے، جسے ٹک ٹاکر اقراء کنول اور ان کی ٹیم چلاتی ہے۔ این سی سی آئی اے کی جانب سے انہیں پہلے ہی نوٹسز بھجوائے جا چکے ہیں۔ادارے کی تحقیقات کے مطابق یہ یوٹیوبرز مبینہ طور پر نوجوانوں کو غیر رجسٹرڈ بیٹنگ اور آن لائن ٹریڈنگ ایپس میں سرمایہ کاری پر اکساتے ہیں، جس سے مالیاتی دھوکہ دہی اور عوام کی محنت کی کمائی لوٹنے کے کیسز سامنے آ رہے ہیں۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ جن یوٹیوبرز کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں، اگر وہ پیش نہ ہوئے تو ان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کر دیے جائیں گے تاکہ وہ ملک سے باہر فرار نہ ہو سکیں۔یاد رہے کہ اس سے قبل بھی این سی سی آئی اے نے لاہور ایئرپورٹ پر مشہور یوٹیوبر سعدالرحمان عرف ڈکی بھائی کو اسی نوعیت کے الزامات پر گرفتار کیا تھا۔