کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی، موسم خوشگوار ہوگیا

کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی، موسم خوشگوار ہوگیا

بلوچستان کے راستے داخل ہونے والے حالیہ مغربی نظام کے اثرات کے باعث کراچی میں آج گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں ڈی ایچ اے، کورنگی، دہلی کالونی، کلفٹن، محمود آباد اور پی آئی ڈی سی سمیت کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران 10 سے 45 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ آج شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 سے 31 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے، جبکہ گزشتہ روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ شہر میں آج کم سے کم درجہ حرارت 22.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، جبکہ کل کم سے کم درجہ حرارت 21 سے 23 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 76 فیصد ریکارڈ کیا گیا، جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران نمی کا تناسب 55 سے 80 فیصد تک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔