لاہور میں موسم خوشگوار ہو گیا ہے، افق پر کالی گھٹاؤں نے ڈیرے جما لیے ہیں اور شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بوندا باندی بھی جاری ہے۔
ٹھنڈی ہواؤں کے چلنے سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، جس سے شہریوں نے اس خوشگوار موسم سے بھرپور لطف اٹھایا۔محکمہ موسمیات کے مطابق، لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 اور کم سے کم 23 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 65 فیصد ہے اور ہوائیں 13 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
کراچی میں موسم گرم اور مرطوب، درجہ حرارت میں اضافہ
دوسری جانب، کراچی میں موسم گرم اور مرطوب ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 27.6 ڈگری رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔کراچی میں جنوب مغرب کی سمت سے 12 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، اور ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ہے۔ فضائی معیار کو تسلی بخش قرار دیا گیا ہے اور فضا میں مضر ذرات کی مقدار 100 پارٹیکیولیٹ میٹرز سے کم ہے۔
اسلام آباد میں ابرآلود موسم اور بارش کا امکان
ادھر اسلام آباد میں آج موسم ابرآلود رہنے اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت کا درجہ حرارت اس وقت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، اور دن کے دوران یہ 30 ڈگری تک جا سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ ساتھ ہی، دن کے وقت 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔