پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں طوفانی بارش‘14 افراد جاں بحق، 62 زخمی

 اسلام آباد اور  راولپنڈی میں بارش سے  ندی نالوں میں طغیانی‘، پانی گھروں اور  دکانوں میں داخل  ، مختلف مقامات پر  گاڑیاں پھنس گئیں،راول ڈیم کے سپل وے کھول دئیے  
لاہور کے مختلف علاقوں میں  موسلا دھار بارش‘ ڈیرہ اسماعیل خان‘حافظ آباد، گوجرانوالہ، گجرات، جہلم، چنیوٹ ، چشتیاں، سانگلہ ہل، چناب نگراور چشتیاں میں بھی بارش‘درخت گرگئے

مری میں لینڈ سلائیڈنگ  ‘آزاد کشمیر میں مٹی کے تودے گرنے سے 4 گھر منہدم ،   ایک مسجد شہید ‘ناران جھیل سیف الملوک روڈ بند ہونے سے پھنسے 150 سیاحوں کو ریسکیو کر لیاگیا

لاہور، اسلام آباد، پشاور،کراچی،گلگت  (آئی این پی )مون سون کا آٹھواں سپیل جاری، جڑواں شہروں،پنجاب،خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارش  سے  نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا، مکانات منہدم ہونے  سمیت دیگر واقعات میں بچوں سمیت14افراد جاں بحق اور 60  سے زائد زخمی ہو گئے۔تفصیل کے مطابق اسلام آباد اور  راولپنڈی میں موسلا دھار بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی، شدید بارش سے اسلام آباد کا علاقہ بہارہ کہو اٹھال چوک پانی میں ڈوب گیا، پانی گھروں اور  دکانوں میں داخل ہوگیا، مختلف مقامات پر کئی گاڑیاں پھنس گئیں۔اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے بعد راول ڈیم کے اسپل وے کھول دئیے گئے۔ مری پہاڑی علاقے مری میں وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش  سے  مختلف مقامات پرلینڈ سلائیڈنگ اورندی نالوں میں طغیانی نے خطرے کی فضا پیدا کردی ‘لاہور کے اکثرعلاقوں میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی‘۔پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں گجرات میں 126، گجرانوالہ 75، سیالکوٹ 70، مری 68، جہلم 62، بہاولنگر 38، حافظ آباد 36، راولپنڈی 33، بھکر 31 اور چکوال میں 31 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔ لاہور، ڈیرہ غازی خان، منگلا، شیخوپورہ، سرگودھا، اٹک، فیصل آباد، میانوالی، ٹوبہ ٹیک سنگھ، شورکوٹ اور ساہیوال میں بھی بارشیں ہوئیں۔حافظ آباد، گوجرانوالہ، گجرات، جہلم، چنیوٹ میں بادل برس پڑے، چشتیاں، سانگلہ ہل، چناب نگر میں موسلا دھار بارش سے شہری پریشان ہو گئے، چشتیاں میں تیز آندھی اور بارش سے کھمبے گر گئے، متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے، بجلی اور پانی کی فراہمی تعطل کا شکار ہو گئی۔اٹک، بہاولنگر، پنڈی بھٹیاں میں وقفے وقفے سے بارش ہو تی رہی، ایبٹ آباد اور گردونواح میں بارش اور ژالہ باری ہوئی، شاہراہ ریشم تالاب کا منظر پیش کرنے لگی ہے۔ادھر  پشاور،  شمالی و جنوبی وزیرستان سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بادل جم کر برسے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں تیز ہوائوں اور طوفانی بارش نے تباہی مچا دیں، متعدد مکانات کی چھتیں گر گئیں، بجلی کے تار اور کھمبے گرنے سے شہر بھر میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی، سو کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواں ے درخت جڑوں سے اکھڑ گئے۔  مختلف واقعات میں  کم از کم 8 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہوگئے۔  مردان میں بھی بارش کے دوران کمرے کی چھت گرگئی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 2افراد زخمی ہوگئے ریسکیو حکام کے مطابق لوئر دیر کے علاقے ٹکاٹک میں خستہ حال مکان کی چھت گر گئی جس سے ملبے تلے دب کر  تین بچے جاں بحق ہو گئے، لکی مروت میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا، جس کے باعث دیواریں گر گئیں، ملبے تلے دبے 10 افراد کو ریسکیو کرلیا گیا۔ ہری پور اور گرد و نواح میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی، ڈیم کے سپیل ویز کھول دئیے گئے
۔آزاد کشمیر میں مٹی کے تودے گرنے سے 4 گھر منہدم ہو گئے جبکہ ایک مسجد شہید ہو گئی،