پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش، ژالہ باری

برف باری سے موسم سرد ،شاہراہ قراقرم کوہستان لاچی نالہ کے قریب لینڈ سلائڈنگ سے بند 
وادی نیلم میں لینڈ سلائیڈنگ سے سیاحوں کی30  گاڑیاں پھنس گئیں، سیاحوں کو ریسکیو کر لیا گیا
 اسلام آباد پشاور،کراچی(آئی این پی )پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری ریکارڈ کی گئی جبکہ محکمہ موسمیات نے آ ئندہ24گھنٹوں میں بھی ملک کے بالائی علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ تفصیل کے مطابق خیبر پختونخوا میں سوات، کرک، ملاکنڈ، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں بارش ہوئی جبکہ گلیات اور وادی ناران میں برف باری سے موسم سرد ہوگیا۔ بلوچستان کی وادی زیارت کے بالائی علاقوں، توبہ اچکزئی اور توبہ کاکڑی میں بارش ہوئی جبکہ بارش کے باعث شاہراہ قراقرم کوہستان لاچی نالہ کے قریب لینڈ سلائڈنگ کے باعث بند ہوگئی۔ادھر وادی نیلم میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مرکزی شاہراہ کیل شیخ بیلہ کے مقام پر بند ہوگئی جس کے سبب سیاحوں کی 30 گاڑیاں پھنس گئیں۔ ریسکیو،پولیس اور انتظامیہ نے سیاحوں کو رات کومحفوظ مقام پرمنتقل کردیا، کئی مسافروں کو مقامی آبادی میں رہائش فراہم کی گئی ۔ وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے،مظفرآبادمیں لینڈسلائیڈنگ کی وجہ سے شاہراہ نیلم بالائی کئی مقامات سے بند ہے۔ این ڈی ایم اے نے اگلے 12 سے 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کر رکھی ہے،جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا بھی امکا ن ہے۔گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کیبالائی پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے،بارش کے باعث سڑکوں پر پھسلن سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ خصوصا پہاڑی راستوں پرسفر کرنے والوں کو سخت احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کا موسم تیز دھوپ کے باعث گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 23.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا ۔ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ سمندری ہوائیں 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔ ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ گرمی کی شدت سے بچنے کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔