2بچھڑے بھائی مزید قریب آگئے پاکستان اور بنگلہ دیش میں6مفاہمتی یادداشتوں ‘ معاہدوں پر دستخط
سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ ہولڈرکے لئے ویزا کی پابندی ختم‘ فارن سروسز اکیڈیمیز میں تعاون، انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباداور بنگلہ دیش سٹریٹیحک سٹڈیزانسٹیٹیوٹ کے درمیان تعاون کا معاہدہ
دونوں ممالک کے درمیان تجارتی فروغ کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کے معاہدے پر بھی دستخط ‘ ایسوسی اینڈ پریس آف پاکستان اور بنگلہ دیش سنگباد سنگستھا کے درمیان ایم او یو پر دستخط
ڈھاکہ میں دونوں ممالک کے وفود کے درمیان اعلی سطح پر مذاکرات ‘ دوطرفہ تعلقات، اقتصادی و تجارتی تعاون اور علاقائی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا‘اسحاق ڈار کی امیر جماعت اسلامی سے ملاقات
ڈھاکا(آئی این پی ‘آن لائن‘مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین 6 معاہدوں اورمفاہمتی یادداشتوں ( ایم او یوز) پر دستخط کئے گئے،جس میں سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ ہولڈر کے لیے ویزا کی پابندی ختم کردی گئی ہے۔اتوار کے روز ڈھاکا میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان وزرائے خارجہ کی سطح کے مذاکرات ہوئے، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستانی وفد جبکہ مشیرخارجہ توحید حسین نے بنگلہ دیش کے وفد کی قیادت کی۔اس موقع پر پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان متعدد معاہدوں اور ایم او یو پر دستخط ہوئے، ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور بنگلادیش نے سفارتکاروں اور حکومتی اہلکاروں کے لیے ویزا ختم کرنے کے معاہدہ پر دستخط کیے۔ اس میں سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ ہولڈرکے لیے ویزا کی پابندی ختم کردی گئی، ان میں ویزا فری انٹری معاہدہ، فارن سروسز اکیڈیمیز میں تعاون، انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد(آئی ایس ایس آئی )اور بنگلہ دیش اسٹریٹیحک اسٹڈیزانسٹیٹیوٹ کے درمیان تعاون کا معاہدہ شامل ہے۔دونوں ممالک کے درمیان تجارتی فروغ کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کے معاہدے پر بھی دستخط ہوئے۔ ایسوسی اینڈ پریس آف پاکستان اور بنگلا دیش سنگباد سنگستھا کے درمیان ایم او یو پر دستخط ہوئے۔اس موقع پر ایڈیشنل فارن سیکرٹری عمران احمد صدیقی، پاکستانی ہائی کمشنر عمران حیدر اور پاکستان میں تعینات بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محند اقبال حسین خان بھی ملاقات میں موجود تھے۔ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ ٹریڈ جوائنٹ ورکنگ گروپ کی مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے گئے،قبل وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بنگلہ دیش کے دورے کے دوران ڈھاکا میں مشیر خارجہ ایچ ای ایم ڈی توحید حسین سے تفصیلی ملاقات کی۔دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا جن میں اعلی سطح کے دورے، تجارتی و اقتصادی تعاون، عوامی روابط، ثقافتی تبادلے، تعلیم اور استعداد کار میں اضافے کے منصوبے اور انسانی ہمدردی سے متعلق امور شامل تھے۔اس موقع پر علاقائی اور عالمی امور پر بھی گفتگو ہوئی جن میں سارک کی بحالی، فلسطین کے مسئلے اور روہنگیا بحران کے حل جیسے موضوعات زیر بحث آئے۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ڈھاکہ میں بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان پرانے رابطوں کی بحالی پر بات چیت کی گئی۔ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی کے مطابق نوجوانوں کے روابط کو فروغ دینے، رابطوں کو بڑھانے اور تجارتی اور اقتصادی تعاون کو بڑھانے کا احاطہ کیا گیا۔ خطے کی حالیہ پیش رفت اور علاقائی تعاون کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ نائب وزیر اعظم نے چیف ایڈوائزر کے لیے وزیراعظم کی مبارکباد پیش کی۔انہوں نے چیف ایڈوائزر کو ڈھاکہ میں اپنی مصروفیات اور اپنے دورے کے اہم نتائج سے آگاہ کیا۔انہوں نے دورہ کے بہترین انتظامات اور دورے کے دوران ان کی اور ان کے وفد کی پرتپاک مہمان نوازی پر چیف ایڈوائزر کا شکریہ بھی ادا کیا۔ملاقات کے بعد جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان پرانے رابطوں کی بحالی پر بات چیت کی گئی ۔نوجوانوں کے روابط کو فروغ دینے، رابطوں کو بڑھانے اور تجارتی اور اقتصادی تعاون کو بڑھانے کا احاطہ کیا گیا۔ خطے کی حالیہ پیش رفت اور علاقائی تعاون کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق ڈی پی ایم نے چیف ایڈوائزر کے لیے وزیراعظم کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے چیف ایڈوائزر کو ڈھاکہ میں اپنی مصروفیات اور اپنے دورے کے اہم نتائج سے آگاہ کیا۔ محمد اسحاق ڈار کی امیر جماعتِ اسلامی بنگلہ دیش ڈاکٹر شفیق الرحمن سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات امیرِ جماعتِ اسلامی ڈاکٹر شفیق الرحمن کی رہائش گاہ پر ہوئی، جہاں وہ دل کے آپریشن کے بعد صحت یاب ہو رہے ہیں۔نائب وزیراعظم نے وزیراعظم پاکستان اور اپنی جانب سے ڈاکٹر شفیق الرحمن کی صحت و سلامتی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔سینیٹر اسحاق ڈار نے ڈاکٹر شفیق الرحمن کی سیاست، تعلیم اور سماجی بہبود کے میدانوں میں مثبت خدمات کو سراہا۔دریں اثناء پاکستان اور بنگلادیش نے دوطرفہ تعلقات، اقتصادی و تجارتی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا ہے جبکہ تجارتی فرو غ کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کے معاہدے پر بھی دستخط کئے گئے ہیں ۔ ۔یہ اتفاق رائے پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کی بنگلادیش کے ایڈوائزر برائے خارجہ امور محمد توحید حسین اور دیگر رہنمائوں سے سے ڈھاکا میں اہم ملاقات میں کیا گیا ۔ ہفتہ کے روز ڈھاکہ میں دونوں ممالک کے وفود کے درمیان اعلی سطح پر مذاکرات ہوئے جن میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی و تجارتی تعاون اور علاقائی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔دفتر خارجہ کے مطابق بات چیت میں اعلی سطح پر روابط، عوامی سطح پر روابط، ثقافتی تبادلے، تعلیم و استعداد کار میں اضافے کے منصوبے اور انسانی بنیادوں پر تعاون
بھی زیرِ بحث آئے، علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر غور کیا گیا، سارک کی بحالی، مسئلہ فلسطین اور روہنگیا بحران کے حل پر زور دیا گیا۔وزارت خارجہ کے مطابق مذاکرات مثبت اور خوشگوار ماحول میں ہوئے جو دونوں ممالک کے درمیان موجود خیرسگالی اور دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتے ہیں، مذاکرات میں دونوں ممالک کے متعلقہ شعبوں کے اعلی حکام بھی شریک تھے۔