مستقل جنگ بندی کا مشن وزیراعظم سعودیہ‘فیلڈ مارشل ایران پہنچ گئے
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی فیلڈ مارشل کیساتھ گئے‘تہران پہنچنے پرایران کے اعلیٰ حکام نے فیلڈ مارشل اور وفد کا استقبال کیا‘ ایرانی حکام کے ساتھ خطے کی صورتحال اور ممکنہ مذاکرات پر بات چیت
وزیراعظم قطر جائیں گے‘ پانچویں انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت کیلئے ترکیہ کا بھی دورہ کریں گے‘ٹیکس کا پیسہ قوم کی امانت ، ایک ایک پائی کا حساب دینا ہماری ذمہ داری ہے:بیرون ملک روانگی سے قبل اجلاس میں گفتگو
اسلام آباد‘تہران( آن لائن ) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اعلیٰ سطح کے وفد کے ساتھ سعودی عرب کے شہر جدہ پہنچ گئے۔جدہ ایئرپورٹ پر شہزادہ سعود بن مشعال بن عبدالعزیز، پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی اور سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے وزیراعظم اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔دورے کے دوران وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی سعودی ولی عہد اور وزیرِ اعظم محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے اہم ملاقات متوقع ہے، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے فروغ، اقتصادی تعاون اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور ترجمان برائے غیر ملکی میڈیا مشرف زیدی بھی موجود ہیں۔دریں اثناء چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایران کے دارالحکومت تہران پہنچ گئے ہیں،اس اہم دورے میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی فیلڈ مارشل کے ہمراہ ہیں،ایران کے اعلیٰ حکام نے فیلڈ مارشل اور وفد کے اراکین کا استقبال کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دورہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکہ کے درمیان ممکنہ مذاکرات کے حوالے سے سفارتی سرگرمیاں تیز ہو رہی ہیں۔ توقع کی جا رہی ہے کہ اس موقع پر خطے کی مجموعی صورتحال، کشیدگی میں کمی اور ممکنہ مذاکراتی عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔علاوہ ازیں سعودی عرب و قطر کے دوطرفہ دوروں میں وزیراعظم دونوں ممالک کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جس میں جاری دوطرفہ تعاون کے ساتھ ساتھ علاقائی امن و سلامتی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وزیر اعظم پانچویں انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت کے لیے ترکیہ کا بھی دورہ کریں گے۔ فورم کے دوران، وزیر اعظم دیگر عالمی رہنماؤں کے ساتھ، فورم میں پاکستان کا نقطہ نظر پیش کرنے کے لیے ''لیڈرز پینل'' میں شرکت کریں گے۔ فورم کے موقع پر وزیراعظم کی صدر رجب طیب ایردوان اور دیگر اہم عالمی رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتیں متوقع ہیں۔علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے ٹیکس کا پیسہ قوم کی امانت ہے، اسکی حفاظت ہمارا فرض اور ایک ایک پائی کا حساب دینا ذمہ داری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایف بی آر کے امور پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس کے موقع پر اوور انوائسنگ کے حوالے سے بنائی گئی کمیٹی کی رپورٹ پیش کی گئی۔وزیراعظم نے کہا کہ 2017 سے 2022 کے دوران اوور انوایسنگ کامکروہ دھندا چلتا رہا اور متعلقہ ادارے اپنے فرائض سے مسلسل غافل رہے۔ انہوں نے اس معاملے میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی تیز کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے مشتاق احمد سکھیرا کی سربراہی میں بنائی گئی کمیٹی کی رپورٹ کی توصیف کی جبکہ شاہد خان کی سربراہی میں غفلت کے مرتکب افراد اور اداروں کا تعین کرنے اور انکے خلاف محکمانہ کاروائی کرنے کیلئے ایک کمیٹی بنا کر جلد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔وزیراعظم نے زور دیا ایسے واقعات کو مستقبل میں روکنے کے جامع حکمت عملی بنائی جائے