پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اسلام آباد ہائی کورٹ سے درخواست کرے گی کہ بانیٔ پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے کیسز کو میرٹ پر سنا جائے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے چند وکیل اسلام آباد ہائی کورٹ جائیں گے اور ایک یادداشت پیش کریں گے جس میں عدالت سے استدعا کی جائے گی کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے کیسز کو میرٹ پر سنا جائے اور بانیٔ پی ٹی آئی سے ملاقات کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ آج پی ٹی آئی کے پارلیمنٹرین نے پارلیمنٹ سے اسلام آباد ہائی کورٹ تک ایک واک کی، جس کا مقصد یہ تھا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے کیسز کو میرٹ پر لگایا جائے اور انصاف کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔