اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بانی چیئرمین عمران خان کبھی کسی سے کوئی ڈیل نہیں کریں گے، اور ملک میں جاری سیاسی کشیدگی کے خاتمے کے لیے سیاسی سیز فائر کی ضرورت ہے۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ "اب بہت ہوگیا، اب وقت آچکا ہے کہ تمام فریقین ہوش کے ناخن لیں اور معاملات سلجھائیں۔ عمران خان اور اُن کی اہلیہ جیل میں ہیں لیکن وہ اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہیں۔"انہوں نے واضح کیا کہ بانی چیئرمین عمران خان کبھی کوئی خفیہ سمجھوتہ یا ڈیل نہیں کریں گے، وہ پہلے دن سے عوام کے سامنے کھڑے ہیں اور اپنے مؤقف پر ڈٹے ہوئے ہیں۔بیرسٹر گوہر نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ "افواج پاکستان نے بھارت کا غرور خاک میں ملادیا، اور اللّٰہ تعالیٰ نے ہمیں بحیثیت قوم کامیابی عطا کی۔"
انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال پاکستان کے لیے نقصان دہ ہے، اس لیے سیاسی سیز فائر کی اشد ضرورت ہے تاکہ ملک اور سسٹم کو مستحکم کیا جا سکے۔بیرسٹر گوہر کے بیان کو سیاسی مبصرین اہم قرار دے رہے ہیں، خاص طور پر ایک ایسے وقت میں جب ملک اندرونی اور بیرونی سطح پر کئی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے۔